ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ترنگا یاترا کے دوران کانگریسیوں نے امیت شا کا گھیراؤ کیا

ترنگا یاترا کے دوران کانگریسیوں نے امیت شا کا گھیراؤ کیا

Mon, 22 Aug 2016 10:54:45    S.O. News Service

منگلورو21؍اگست(ایس او نیوز) منگلور میں آج بی جے پی قومی صدر امیت شا کی قیادت میں بی جے پی کی طرف سے نکالی گئی ترنگا یاترا کے دوران یوتھ کانگریس کارکنوں نے امیت شا کا گھیراؤ کرکے بی جے پی کی سخت مخالفت کی اور پارٹی کے قومی صدر کو بدنظمی کے سبب پریشانی اٹھانی پڑی ۔ترنگا یاترا پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کیلئے جب امیت شا منگلور کے گیسٹ ہاؤز پہنچے تو این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کے سینکڑوں کارکنوں نے گیسٹ ہاؤز کا گھیراؤ کرنے کی کوشش کی ، اس مرحلے میں پولیس نے 100 سے زائد لوگوں کو گرفتا رکرلیا۔احتجاجیوں نے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں کالے جھنڈے تھامے ہوئے تھے۔یہ مرکزی حکومت اور بی جے پی کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے۔ ان لوگوں کا مطالبہ تھاکہ بی جے پی کی طرف سے یونیورسٹیوں کے احاطوں میں جو پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں ان پر روک لگائی جائے۔ کانگریس کارکنوں نے الزام لگایا کہ امیت شا منگلور میں گجرات کی مانند فرقہ وارانہ فساد کرانے آئے ہوئے ہیں۔اس احتجاج کی وجہ سے سرکاری گیسٹ ہاؤز کے پاس حفاظت کا سخت بندوبست کیاگیا اور بی جے پی کارکنوں کی طرف سے جن لوگوں کی شناخت کی گئی صرف انہی کو آنے جانے دیا گیا۔ اس دوران مقامی بی جے پی لیڈران جنہیں اس احتجاج کی وجہ سے ندامت جھیلنی پڑی ، نے کہاکہ وہ اپنی پارٹی کے فائدہ کیلئے پروگرام نہیں کررہے تھے ،بلکہ حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے کیلئے کررہے تھے۔ اس سے قبل آج صبح ساڑھے چار بجے جب گوا سے امیت شا منگلور پہنچے تو رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل ، سابق وزیر ناگراج شٹی، اور دیگر بی جے پی لیڈروں نے ان کا خیر مقدم کیا۔ امیت شا کے دورۂ منگلور کے پیش نظر سخت حفاظتی بندوبست کیاگیا تھا۔ اس ترنگا یاترا میں ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا، سکریٹری اروند لمبا ولی اور دیگر لیڈروں نے حصہ لیا ،لیکن یڈیورپا کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والے کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا اس پروگرام سے غیر حاضر رہے۔ پارٹی کی ہدایات کو پامال کرتے ہوئے ایشورپانے سنگولی راینا برگیڈ قائم کی ہے، اس کی وجہ سے یڈیورپااور ان کے وفاداروں نے ایشورپا کے خلاف امیت شا سے شکایت کی ہے ، جس کی وجہ سے انہوں نے آج خود کو اس پروگرام سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا۔


Share: